لوڈشیڈنگ اورپانی کی شدید قلت سے شہری پریشان

 لوڈشیڈنگ اورپانی کی شدید قلت سے شہری پریشان

مختلف علاقوں میں 15گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ

کراچی (این این آئی) شدید گرمی کے باوجود شہر میں 12 سے 18 گھنٹے تک جاری اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام سخت اذیت کا شکار ہیں۔شہریوں نے کہا کہ گرمی کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی پینے کے پانی کی قلت بھی سنگین صورت اختیار کر چکی ہے ، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔ اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، منگھوپیر، مومن آباد، ناظم آباد، لیاری، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی اور سرجانی ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں 15 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب پانی کی عدم دستیابی اور دوسری جانب مہنگے داموں ٹینکر خریدنے کی مجبوری نے انہیں شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے ۔ ان کے مطابق 15 سے 20 دن کے وقفے سے پانی لائنوں میں چھوڑا جاتا ہے ، تاہم کم پریشر کے باعث پانی گھروں تک نہیں پہنچ پاتا۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ گرمیوں میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر پانی کی فراہمی کے وقفے کا دورانیہ کم کیا جائے اور مناسب پریشر کے ساتھ پانی فراہم کیا جائے ۔شہریوں نے وزیراعلی سندھ، کمشنر کراچی، میئر کراچی، واٹر کارپوریشن اور کے -الیکٹرک کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں