ایم کیو ایم کا سڑکوں پر مافیا راج پر برہمی کا اظہار
ملک کو پالنے والا شہر 18سال سے بدنیتی اور تعصب کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے کاغذی ترقی کے دعویداروں کے کان پر جوں نہیں رینگتی، اراکینِ سندھ اسمبلی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے بدترین ٹریفک جام، سڑکوں پر مافیا راج اور انتظامی مفلوج الحالی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور کٹھ پتلی مقامی انتظامیہ کو شہرِ قائد کی تباہی کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں پر سرکاری سرپرستی میں قائم پتھارے نام نہاد مقامی حکومت کا باقاعدہ ذریعہ معاش بن چکے ہیں ۔ملک کی معیشت کو پالنے والا پاکستان کا دل بدقسمتی سے گزشتہ اٹھارہ سالوں سے بدنیتی بدترین تعصب اور دشمنی کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے مگر اب پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے ، غیور عوام کو لاوارث سمجھنے والے حکمران سن لیں کہ کراچی کی تذلیل کا حساب اب چوک چوراہوں پر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی شریانیں کہلانے والی مرکزی سڑکیں اور چوراہے اس وقت مکمل طور پر تجاوزات اور مافیا کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، یہ پتھارے اور غیر قانونی اژدھام کسی قانون کی نظروں سے اوجھل نہیں بلکہ نام نہاد مقامی حکومت کے کارندوں اور افسران کی جیبیں بھرنے کا منظم ذریعہ ہیں، انہوں نے کہا سرکاری چھتری تلے چلنے والے اس کاروبارِ بھتہ خوری نے شہر کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ، روزانہ لاکھوں شہری مائیں بہنیں اور بزرگ سڑکوں پر گھنٹوں خوار ہوتے ہیں ایمبولینسوں میں مریض دم توڑ رہے ہیں لیکن حکمران ٹولے کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔