محرم الحرام کے موقع پر صفائی کے انتظامات کی ہدایت
امام بارگاہوں ومساجد کے اطراف شفٹوں میں ٹیمیں تعینات کی جائیں ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا نشترروڈ سے حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ و دیگر علاقوں کا دورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں نشترروڈ سے حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ، جناح گراؤنڈ و دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر فقہ جعفریہ کے منتظمین، ایڈیشنل کمشنر،اے ڈی سی ون، ڈائریکٹر ضلع جنوبی، ڈائریکٹر ضلع شرقی، ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع شرقی،کمپنی کے عہدیداران و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے امام بارگاہوں و جلوس کے راستوں کی صفائی ستھرائی،چونے کے چھڑکاؤو دیگر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمام اہم مقامات پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی مشینری وعملہ صفائی ستھرائی کے امور انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے فقہ جعفریہ کے منتظمین کو بریفنگ میں بتایا کہ انہوں نے متعلقہ کمپنی و افسران کو ہدایت کردی ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر بھی انتظامات کئے جائیں ،امام بارگاہوں کے منتظمین، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ انتظامات کے لئے مکمل کوآرڈینیشن میں ہیں علاقوں کادورہ کرکے صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے دورے کے دوران متعلقہ کمپنی کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں، مجالس، امام بارگاہوں ومساجد کے اطراف صفائی کے لئے شفٹوں میں ٹیمیں تعینات کی جائیں اور ضرورت کے مطابق اضافی عملہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ چونے کے چھڑکاؤ کا کام بھی یقینی بنا نے اور زائرین کی سہولت کے لئے کیمپ لگانے کی بھی ہدایت کی۔