بڑے نالوں کی جامع صفائی مہم کا فیصلہ
مہم کے لیے 60 کروڑ روپے مختص ، صفائی کے عمل کی شفاف نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایتپورے آپریشن کے دوران سخت نگرانی برقرار رکھی جائے ،میئر مرتضیٰ وہاب کی زیرصدارت اجلاس،ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی خدمات کی پیش رفت کا جائزہ
کراچی (آئی این پی)مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے آئندہ مون سون سیزن کے پیشِ نظر شہر بھر کے بڑے برساتی نالوں کی جامع صفائی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بارش کے پانی کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہری سیلاب کے خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ یہ فیصلہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی خدمات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر نے بتایا کہ بڑے نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کے لیے ٹینڈرز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ بولیاں پیر کے روز کھولی جائیں گی۔ خریداری کے عمل کی تکمیل کے فوراً بعد صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا تاکہ مون سون بارشوں سے قبل تمام بڑے نالوں کی مکمل صفائی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی نے شہر بھر میں نالوں کی صفائی مہم کے لیے 60 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جو بارشوں کے موسم میں شہریوں اور عوامی انفرااسٹرکچر کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ صفائی کے عمل کی شفاف نگرانی، معیار کی جانچ اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پورے آپریشن کے دوران سخت نگرانی برقرار رکھی جائے تاکہ عوامی فنڈز کے مؤثر استعمال اور اعلیٰ معیار کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے . فنانشل ایڈوائزر کے ایم سی گلزار ابڑو نے اجلاس میں ضلع وار فنڈز کی تقسیم کی تفصیلات پیش کیں۔ منظور شدہ منصوبے کے مطابق ضلع سینٹرل کے لیے 6 کروڑ 80 لاکھ روپے ، ضلع ویسٹ اور کیماڑی کے لیے 7 کروڑ روپے ، ساؤتھ-I کے لیے 5 کروڑ 60 لاکھ روپے ، ضلع ساؤتھ کی تقسیم کے بعد ساؤتھ-II کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے ، ضلع ایسٹ کے لیے 7 کروڑ 30 لاکھ روپے ، ضلع کورنگی کے لیے 7 کروڑ روپے جبکہ ضلع ملیر کے لیے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف اجتماعی نکاسی آب کے مقامات، جہاں خصوصی توجہ درکار ہے ، کے لیے 7 کروڑ 40 لاکھ روپے اور 6 کروڑ 30 لاکھ روپے بھی مختص کیے گئے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی شہر بھر میں ایک وسیع ترقیاتی پروگرام پر بیک وقت کام کر رہی ہے ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ تمام نالے مکمل طور پر فعال رہیں ۔