سکھر:39کلومیٹر طویل شاہراہ بے نظیر بھٹو کا کام تیز
88فیصد کام مکمل،منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گیشہر میں اب تک 50کلومیٹر نئی سڑکیں تعمیر ،100کلومیٹر کی مرمت مکمل کی جاچکی
سکھر (بیورو رپورٹ) قریشی گوٹھ کی قسمت جاگ اٹھی، شاہراہ بینظیر بھٹو پر کام تیز، میئر ارسلان شیخ کی نگرانی میں منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے قریشی گوٹھ کے رہائشیوں کے لیے خوشخبری۔ شاہراہ بینظیر بھٹو پر تعمیراتی کام بہت تیزی سے جاری ہے اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی براہ راست نگرانی میں یہ منصوبہ جلد مکمل ہونے کی امید ہے ۔ میئر ارسلان شیخ انفرااسٹرکچر کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے نیو گوٹھ روڈ کا کام 48 سے 72 گھنٹے میں شروع کرا کر عوام کا دیرینہ مطالبہ حل کیا تھا۔ شاہراہ بینظیر، جسے شاہراہ بھٹو بھی کہا جاتا ہے ، 39 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے ہے۔
سندھ حکومت نے اسے اپریل 2026 تک مکمل آپریشنل بنانے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ فی الحال یہ منصوبہ 88.2 فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔ میئر ارسلان شیخ نے حال ہی میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سکھر کو جدید اور پائیدار شہر بنانے کا جامع پلان پیش کیا ہے ۔ اس پلان میں نکاسی آب کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، نئی سڑکوں کی تعمیر، انڈر پاس، ماس ٹرانزٹ اور شجرکاری مہم شامل ہیں۔ قریشی روڈ پرانے سکھر کا اہم علاقہ ہے ۔ شاہراہ بینظیر بھٹو کی تکمیل سے قریشی گوٹھ کو شہر کے باقی حصوں سے بہتر رابطہ ملے گا اور ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کے مطابق اب تک شہر میں 50 کلومیٹر سے زائد نئی سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں جبکہ 100 کلومیٹر سڑکوں کی مرمت مکمل کی گئی ہے۔