سکھر:ماضی میں خوبصورتی کی مثال گاڑی موری شہر کھنڈر بن گیا
خیرپور فیڈر ویسٹ نہر کے کناروں پرلگی لوہے کی حفاظتی جالیاں اتار لی گئیںبیچے جانے کا شبہ، شہر کا نکاسی نظام ناکارہ، گلیاں گندے پانی میں ڈوب چکیں
سکھر(بیورو رپورٹ)کبھی اپنی خوبصورتی اور مہذب ماحول کے لیے مثال سمجھا جانے والا تاریخی شہر گاڑھی موری آج انتظامی غفلت اور کرپشن کی نذر ہو چکا۔ خیرپور فیڈر ویسٹ نہر کے کناروں پر لگی لوہے کی حفاظتی جالیاں، جو شہر کا حسن اور شہریوں کی حفاظت کا ذریعہ بھی تھیں، غائب کردی گئیں۔ علاقہ مکینوں کا الزام ہے کہ ان قیمتی جالیوں کو مرمت کے بہانے اتار کر یونین کونسل کے دفتر میں جمع کر دیا گیا۔ شہریوں کو شک ہے کہ بڑی تعداد میں یہ جالیاں کباڑیوں کو بیچ دی گئی ہیں یا بااثر افراد کے گھروں اور اوطاقوں کی زینت بن چکی ہیں۔
شہر کا حال یہ ہے کہ گلیاں گٹر کے پانی سے بھری پڑی ہیں، نکاسیٔ آب کا نظام نام کا بھی نہیں۔ بیشتر مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ چند دن قبل ایک کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا، خوش قسمتی سے ایک شہری نے بروقت بچا لیا، ورنہ ایک اور المیہ جنم لیتا۔رات ہوتے ہی شہر اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔ لاکھوں روپے کی لاگت سے لگی سولر اسٹریٹ لائٹس عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یونین کونسل کے در پر درخواستیں جمع کروا کروا کر وہ تھک چکے ہیں، مگر انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ اب ان کا صبر جواب دے چکا ہے ۔مکینوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر شفاف انکوائری کرائی جائے ۔ غائب جالیوں کا حساب لیا جائے ، کھلے مین ہول بند کیے جائیں، نکاسیٔ آب درست کی جائے، اور خراب لائٹس بحال کی جائیں۔