روہڑی کینال سے مسخ لاش ملی، کشمور میں دشمنی پرایک قتل
بخشاپور کا صدرالدین گھر میں سویا ہوا تھا، ملزم نے گھس کرکلہاڑیاں ماردیںکندھکوٹ کی نہر میں ڈوب کر بچہ جاں بحق، گھوٹکی میں جھگڑا، 10 افراد زخمی
کشمور، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) روہڑی کینال سے مسخ لاش ملی، جبکہ کشمور میں دشمنی پر ایک شخص قتل کردیا گیا، کندھکوٹ کی نہر میں بچہ ڈوب گیا۔ کشمور کے علاقے بخشاپور میں نامعلوم افراد نے گھر میں سوئے صدر الدین چاچڑ کو کلہاڑیاں مار کر قتل کر دیا، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی مگر ملزم فرار ہو گئے ، پولیس نے تفصیل لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جبکہ محراب پور میں روہڑی کینال سے مسخ لاش ملی، جس کی شناخت نہیں ہوسکی، لاش کو پولیس نے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق لاش کئی روز پرانی اور مسخ ہے شناخت نہ ہونے پر اسے اسپتال منتقل کر دیا۔
کندھکوٹ کے قریب کھرڑی نہر میں نہاتے ہوئے دس سالہ بچہ سجاد شیخ ڈوب گیا، بچے کو ڈوبتا دیکھ کر اہل علاقہ نے فوری طور پر بچے کو نہر سے باہر نکال ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے فوت ہونے کی تصدیق کی۔ گھوٹکی کے قریب واقع گاؤں جلال خان گھوٹو میں ٹک ٹاک ویڈیو پر کمنٹ دینے کے معاملے پر شروع ہونے والا تنازع تصادم میں تبدیل ہوگیا، جہاں گھوٹا برادری کے دو گروپوں کے درمیان لاٹھیوں، کلہاڑیوں اور فائرنگ کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد تمام زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال گھوٹکی منتقل کیا گیا، اسپتال ذرائع کے مطابق حفیظ اللہ گھوٹو اور اعجاز گھوٹو کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے سکھر منتقل کردیا گیا۔