اساتذہ کا بائیکاٹ ناکام،جامعہ اردو میں سمسٹر امتحانات شیڈول کے مطابق شروع
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی اردو یونیورسٹی میں اساتذہ کا بائیکاٹ ناکام ہوگیا اور سمسٹر امتحانات کا شیڈول کے مطابق آغاز ہوگیا، جہاں طلبہ کی بڑی تعداد نے امتحانی پرچوں میں شرکت کی۔
جامعہ اردو کی انجمنِ اساتذہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج سے امتحانی عمل کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا۔وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عنایت علی شاہ نے امتحانی مراکز کا دورہ کرنے کے بعد صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں جہاں آج پیپر تھا، وہاں امتحانات کا آغاز وقت پر ہوا، امتحانات کے شفاف، منظم اور بروقت انعقاد کے لیے انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کر لیے تھے ۔اساتذہ اور انتظامی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہا ہے اور امتحانی عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے ۔رجسٹرار ڈاکٹر عنایت علی شاہ نے واضح کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کے تعلیمی مفادات کے تحفظ اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے ،کسی کو طلبہ کا تعلیمی سال ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔