بھتہ مافیا کے خلاف آپریشن، 6 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

 بھتہ مافیا کے خلاف آپریشن، 6 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

رینجرز وپولیس کی گارڈن، پی آئی بی کالونی اور نیو کراچی میں مشترکہ کارروائی ملزمان تعمیراتی منصوبوں، ہالز اورفیکٹریوں سے بھتہ وصولی میں ملوث نکلے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں بھتہ مافیا کے خلاف وسیع آپریشن کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقوں گارڈن، پی آئی بی کالونی اور نیو کراچی میں بھتہ وصولی سے منسلک گروہ کے خلاف آپریشن کیا۔اس دوران بھتہ مافیا سے تعلق رکھنے والے 6 ملزمان محمد خان عرف محمد جان، علی محمد، بلاول عرف بلال لاسی، عبد السمیع، احمد رضا عرف اے ڈی اور زین علی کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

ملزمان محمد خان عرف محمد جان، علی محمد اور بلاول عرف بلال لاسی کا تعلق جمیل چھانگا گروہ سے ہے ۔ یہ ملزمان زیر تعمیر عمارتوں اور شادی ہالوں سے بھتہ وصول کر کے بیرون ملک مقیم جمیل چھانگا تک رقم پہنچانے میں ملوث تھے ۔ اسی طرح گرفتار ملزم عبد السمیع بدنام زمانہ بشیر عرف ماما کا بیٹا ہے جو روڈ حادثے میں ہلاک ہو چکا ہے ۔ بشیر عرف ماما کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ احمد علی مگسی گروہ سے تھا۔ تفتیش کے مطابق عبد السمیع بھتہ وصولی کے نیٹ ورک کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا اور خود بھی پی آئی بی کالونی کی کاروباری شخصیات اور فیکٹریوں سے بھتہ وصولی میں ملوث رہا ہے ۔ علاوہ ازیں گرفتار ملزم احمد رضا عرف اے ڈی کا تعلق صمد کاٹھیاواڑی گروہ سے بتایا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں