جعلی این او سی پر کویت جانے والا سرکاری ملازم ناکام

جعلی این او سی پر کویت جانے والا سرکاری ملازم ناکام

مسافر نے ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان میں تعینات جونیئر آڈیٹر ظاہر کیا این او سی دوست رئیس گل کے ذریعے حاصل کیا ، سریش سوامی کا اعتراف

کراچی (آئی این پی)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مشکوک اور مبینہ طور پر جعلی این او سی پر بیرونِ ملک سفر کرنے کی کوشش کرنے والے سرکاری ملازم کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ آف لوڈ کیے گئے مسافر کی شناخت سریش سوامی کے نام سے ہوئی ہے ، جو پاکستانی پاسپورٹ اور کویت کے وزٹ ویزے پر سفر کر رہا تھا۔امیگریشن کاؤنٹر پر جانچ پڑتال کے دوران مسافر نے خود کو ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان میں تعینات جونیئر آڈیٹر ظاہر کیا اور بیرونِ ملک سفر کے لیے اپنے ادارے کا این او سی پیش کیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ تفصیلی جانچ کے دوران پیش کردہ این او سی کے مندرجات اور اجراء کی تفصیلات مشکوک پائیں گئیں، جس سے دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ پیدا ہوا، ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے اعتراف کیا کہ مذکورہ این او سی اس نے اپنے کراچی کے رہائشی دوست رئیس گل کے ذریعے حاصل کیا تھا، جس نے سفر سے ٹھیک پہلے یہ دستاویز اسے فراہم کی تھی۔سرکاری ضوابط کے مطابق کسی بھی سرکاری ملازم کے لیے بیرونِ ملک سفر اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے محکمانہ اجازت لازمی ہوتی ہے ، تاہم مسافر اس کا کوئی تسلی بخش ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک این او سی، اس کے حصول کے مشتبہ طریقہ کارکے پیشِ نظر سریش سوامی کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں