جیکب آباد:محرم میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کا فیصلہ
داخلی وخارجی راستوں، اہم تنصیبات، بلوچستان بارڈر پرسیکورٹی مزید سخت ہوگیحساس مقامات پرپولیس پکٹس قائم ہوں گی، ایس ایس پی کی زیر صدارت اجلاس
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)ایس ایس پی جیکب آباد فیضان علی کی صدارت میں محرم کے پرامن انعقاد، سیکورٹی انتظامات اور بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے اہل تشیع علماء، ذاکرین اور رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں محرم کے دوران مجالس، ماتمی جلوسوں، ٹریفک پلان، امن و امان کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا، اس موقع پر ایس ایس پی نے شرکاء سے مسائل اور تجاویز دریافت کیں جس پر علماء کرام اور رہنماؤں نے محرم کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی نے کہا کہ محرم کے دوران ضلع بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، انہوں نے بتایا کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں، اہم تنصیبات، قومی شاہراہوں اور بلوچستان بارڈر پر سیکورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے ، مختلف مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کرکے پولیس پکٹس قائم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی کر دی گئی ہے ، جبکہ نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائینگے ، جلوسوں کی گزرگاہوں، حساس مقامات اور عمارتوں کی چھتوں کی نگرانی ڈرون کیمروں کے ذریعے ہوگی، ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنیوالے افراد کی مکمل چیکنگ کی جائیگی۔