محمد علی جناح یونیورسٹی میں فیکلٹی، عملے اور طلبا میں تعریفی اسناد تقسیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی میں دوسری آئی ای ای ای اور چوتھی آئی سی بی ایم انٹرنیشنل کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبا کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔۔۔
، جس میں یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کانفرنس کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔اس موقع پر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ انٹرنیشنل کانفرنس کی کامیابی پوری ٹیم کی محنت اور پیشہ ورانہ وابستگی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے منتظمین، فیکلٹی ممبران، عملے اور طلبا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت نے نہ صرف کانفرنس کو کامیاب بنایا بلکہ یونیورسٹی کی علمی اور تحقیقی شناخت کو بھی مزید مستحکم کیا ۔فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈین ڈاکٹر حنا فاطمہ نے کہا کہ دونوں کانفرنسوں کے بیک وقت انعقاد سے مختلف شعبوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ ملا۔ سیکریٹری اور ڈائریکٹر اورک پرکاش لوہانا نے کہا کہ کانفرنسوں کی کامیابی یونیورسٹی میں تحقیق، جدت اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے ۔