پی آئی اوز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد

پی آئی اوز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد

مقررین کا شفافیت اور اچھی حکمرانی کیلئے آر ٹی آئی قانون کے مؤثر نفاذ پر زورمعلومات تک رسائی ایک آئینی وجمہوری حق، شفافیت یقینی بنائی جائے ، خطاب

کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ انفارمیشن کمیشن نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں پبلک انفارمیشن آفیسرز (پی آئی اوز)کی استعداد کار بڑھانے کی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں سندھ انفارمیشن کمیشن کے انفارمیشن کمشنر سلیم خان اور نور محمد ڈایو جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سندھ انفارمیشن کمیشن ذوالفقار علی شیخ نے خطابات اور پریزنٹیشنز سے شرکاء کو کمیشن کے مینڈیٹ، کامیابیوں اور حقِ معلومات کے قانون کے نفاذ اور شفافیت کے فروغ کیلئے پیشرفت سے آگاہ کیا۔سینئر صحافی مظہر عباس نے اظہارِ رائے اور آزادیٔ صحافت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ باخبر شہری کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں اور حقِ معلومات کے قانون پر مؤثر عملدرآمد سے حکمرانی، عوامی جوابدہی اور شہریوں کی عوامی معاملات میں شرکت کو نمایاں فروغ ملے گا۔ انہوں نے سرکاری افسران اور عوام دونوں میں آر ٹی آئی قوانین سے متعلق آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ استقبالیہ کلمات میں جسٹس (ر) ضیاء پرویز نے کہا کہ معلومات تک رسائی ایک آئینی اور جمہوری حق ہے ۔ انہوں نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ سندھ شفافیت اور حقِ معلومات ایکٹ 2016 پر اس کی حقیقی روح اور مقاصد کے مطابق عملدرآمد کریں۔ پروفیسر عظمیٰ شجاعت نے کہا کہ معلومات تک رسائی جمہوری حکمرانی اور باشعور شہری کی شرکت سے براہِ راست وابستہ ہے ۔ آزادیٔ اظہار اور معلومات تک رسائی کا حق ملکر شفاف اور جوابدہ حکمرانی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں