سجاول:پانی بحران سنگین، جے یو آئی، کسانوں کے مظاہرے ، ریلیاں

سجاول:پانی بحران سنگین، جے یو آئی، کسانوں کے مظاہرے ، ریلیاں

انتظامیہ ومحکمہ انہار کیخلاف نعرے ، نہریں سوکھنے سے پینے کیلئے بھی پانی نہیں، شرکااحتجاجی مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج، عوامی آواز دبانے کی کوشش ہے ،ایاز پلیجو

سجاول (نامہ نگار)سجاول میں پانی کا بحران سنگین ہوگیا، پینے اور زرعی پانی کی قلت کیخلاف جے یو آئی اور کسانوں نے مظاہرے کئے ، ریلیاں نکالیں، اور انتظامیہ ومحکمہ انہار کیخلاف نعرے لگائے ، جس پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پینے کے پانی کی قلت کیخلاف جمعیت علمائے اسلام سجاول کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے میں شریک سیکڑوں شہریوں نے ٹاؤن انتظامیہ اور محکمہ انہار کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام 11 وارڈز میں پینے کا پانی ناپید ہو چکا ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نہروں میں پانی کی عدم فراہمی سے زرعی زمینیں بنجر ہونے لگی ہیں اور کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی فراہم کیا جائے ۔ دوسری جانب احتجاج کرنیوالے افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

سجاول تھانے میں داروغہ حسین بخش کاندھڑو کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز سجاول، میرپور بٹھورو روڈ پر پانی کی کمی کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔ درج مقدمے میں جسقم کے ضلعی نائب صدر زکریا لغاری، توحید لغاری سمیت 12 نامزد جبکہ 10 سے 12 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کاشتکاروں اور ہاریوں پر مقدمات درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران مقدمات قائم کر کے عوامی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اقتدار کی خاطر دریائے سندھ کے مفادات کا تحفظ نہیں کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں