کراچی کی سمیعہ سندھ چلڈرن پارلیمنٹ کی وزیر اعلیٰ منتخب

کراچی کی سمیعہ سندھ چلڈرن پارلیمنٹ کی وزیر اعلیٰ منتخب

کراچی (نامہ نگار) کراچی میں سندھ چلڈرن اینڈ ایڈولینسن پارلیمنٹ کے انتخابات میں کراچی ویسٹ سے تعلق رکھنے والی دسویں جماعت کی طالبہ سمیعہ سندھ چلڈرن اینڈ ایڈولینسن پارلیمنٹ تعلیم کا حق کی چیف منسٹر منتخب ہوگئیں۔ بچوں کی پارلیمنٹ میں سندھ بھر کے تمام اضلاع سے دو ،دو بچے شامل ہیں۔

پارلیمنٹ کے مقابلے کے بعد 32 ووٹ حاصل کیے ، جبکہ بدین سے تعلق رکھنے والی نویں جماعت کی طالبہ زینب سموں 30 ووٹ لے کر قائدِ حزبِ اختلاف منتخب ہوئیں۔ پارلیمنٹ کا اجلاس کراچی کے این جے وی اسکول کے ہال میں ہوا جہاں پہلی بار سندھ اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔ اس موقع پر ایک اور اہم سنگ میل اس وقت عبور ہوا جب مسلسل دوسری مرتبہ ایک طالبہ سندھ چلڈرن پارلیمنٹ کی چیف منسٹر منتخب ہوئی، جسے بچیوں کی قیادت اور بااختیار بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔تھر ایجوکیشن الائنس (ٹی ای اے ) کی جانب سے اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ (SE&LD)، ریفارم سپورٹ یونٹ (RSU) اور یونیسف کے تعاون سے قائم سندھ چلڈرن اینڈ ایڈولینسن پارلیمنٹ تعلیم کا حق کے دوسرے مرحلے میں سندھ کے 30 اضلاع سے 64 بچوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان نمائندوں میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اسکولوں اور نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز کے طلبہ و طالبات شامل تھے ۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد بچوں کو تعلیمی حقوق اور اپنے علاقوں کو درپیش سماجی مسائل کے حوالے سے آواز بلند کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب وزیراعلیٰ سمیعہ نے کہا سندھ چلڈرن پارلیمنٹ نے انہیں نوجوان قیادت کے تناظر میں سندھ بھر کے تعلیمی مسائل کو سمجھنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے ۔ یہ پلیٹ فارم بچوں کو اپنی آواز بلند کرنے کا حق دیتا ہے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔ قائد حزبِ اختلاف زینب سموں نے کہا جیت اور ہار جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم تمام نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کو تعلیم کے حق کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، جس کے لیے وہ مل کر کام کریں گے ۔یونیسف پاکستان کے نمائندے آصف ابرار نے کہا بچوں کی تعلیم و ترقی کیلئے ایسی کاوشوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کی نمائندہ ڈاکٹر فوزیہ خان، اسپیکر سندھ اسمبلی کے فوکل پرسن بھیوش کمار، تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شوانی نے بھی خطاب کیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں