ای چالان کے خلاف ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، ہڑتال کی دھمکی
20ہزار کا چالان ناقابلِ قبول، رقم 2ہزار مقرر کی جائے ، ٹرانسپورٹ اتحاد سبسڈی کا وعدہ وفا نہ ہو سکا، مطالبات نہ مانے تو پہیہ جام ہوگا،پریس کانفرنس
کراچی (این این آئی)کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے ای چالان کے خلاف پریس کلب میں پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دے دی گئی۔پریس کانفرنس کے دوران ٹرانسپورٹ تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ 15سے 20 ہزار تک کے ای چالان عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹ چلانے والے پہلے ہی شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ای چالان کی رقم فوری طور پر 2 ہزار روپے مقرر کی جائے۔ مہنگے ڈیزل کے باوجود وہ عوام کو بہتر سہولیات دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے انہیں کوئی تعاون حاصل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب تک اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے تمام مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ پورے کراچی میں ٹرانسپورٹ ہڑتال کی کال دیں گے ،کئی مواقع پر بس کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کے باوجود 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا ای چالان جاری کر دیا جاتا ہے ، جو سراسر ناانصافی اور تشویش ناک عمل ہے ۔دوسری جانب پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جہاں مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔