اندرون سندھ:حادثات، واقعات میں 7افراد جاں بحق
لاکھڑا کول مائنز میں لفٹ کی رسی ٹوٹنے سے کام کرنے والے 2مزدور جان سے گئےکوٹری سے جمنا،مانجھند سے ڈاکٹر کی لاشیں ملیں،پنگریو، کھپرو میں 2خواتین کی خودکشی
جامشورو، پنگریو، کھپرو، تلہار (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف حادثات اور واقعات میں خواتین اور بچے سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے۔ جامشورو ،کوٹری کے کے ،بی فیڈر سے نوجوان خاتون کی لاش ملی، جس کی شناخت جمنا میگھواڑ کے نام سے ہوئی۔ لاکھڑا کول مائنز میں لفٹ کی رسی ٹوٹنے کے باعث کوئلے کی کان میں کام کرنے والے دو مزدور کان میں گرکر جاں بحق ہوگئے ، جن کی شناخت چوٹیاری کے رہائشی جمعہ راجڑ اور نادر راجڑ کے نام سے ہوئی۔ جبکہ مانجھند اسپتال کے رہائشی کوارٹرز سے تعلقہ اسپتال کے ڈاکٹر منظور میمن کی لاش ملی۔ تمام لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پنگریو تھانے کی حدود گاؤں فتح خان لغاری میں 27 سالہ شادی شدہ خاتون غلام فاطمہ زوجہ جنید لغاری نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی۔ کھپرو تھانے کھاہی کی حدود گوٹھ خلیفو احمد درس میں 40 سالہ جلال درس نے گھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہو کر پھندا لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد واقعہ کی حتمی نوعیت کے بارے میں واضح معلومات سامنے آسکیں گی۔پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تلہار سے نمائندے کے مطابق گاؤں پوڑھو خان نظامی میں چار سالہ یاسین خاصخیلی نہر میں ڈوب کر دم توڑ گیا۔ لاش ملنے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا۔