جیکب آباد:نجی میڈیکل سینٹرز صحت کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام
قواعد و ضوابط اور محکمہ صحت کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، عوام پریشان محکمہ صحت معائنہ ، خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے خلاف کارروائی کرے ،شہری
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد کے نجی میڈیکل سینٹرز صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام، محکمہ صحت خاموش، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں قائم اکثر نجی میڈیکل سینٹرز عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق نجی میڈیکل سینٹرز میں مقررہ قواعد و ضوابط اور محکمہ صحت کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، بیشتر سینٹرز میں صفائی ستھرائی کا نظام انتہائی ناقص ہے جبکہ مریضوں کے لیے مناسب سہولتیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ کئی میڈیکل سینٹرز میں داخل مریضوں کے لیے مناسب بیڈز، صاف ماحول اور بنیادی طبی سہولتیں موجود نہیں جبکہ او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کے لیے شدید گرمی کے باوجود پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کا بھی کوئی انتظام نہیں۔ شہریوں کے مطابق اس تمام صورتحال کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے کوئی کارروائی یا معائنہ نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی نجی میڈیکل سینٹرز کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھایا جا رہا ہے ، جس کی وجہ سے میڈیکل سینٹرز بدستور قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی میں مصروف ہیں ۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے سندھ حکومت، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ نجی میڈیکل سینٹرز کا فوری معائنہ کیا جائے ، ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔