انمول پنکی کے دو مبینہ رائیڈرز کے جسمانی ریمانڈ میں دوروز کی توسیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیوٹی مجسٹریٹ جنوبی نے کلفٹن سے ملزمہ انمول عرف پنکی کے دو مبینہ رائیڈرز عاقب اور غلام مصطفی کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کردی۔
سماعت کے دوران جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے مقدمے کی مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کی تاحال عدم گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ انمول عرف پنکی کو مقدمے میں ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کا ایک ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود مرکزی ملزمہ کی گرفتار نہیں ڈالی گئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پیر کے روز متعلقہ عدالت سے این او سی حاصل کرنے کے بعد جیل میں موجود انمول عرف پنکی کی اس مقدمے میں گرفتاری ڈالی جائے گی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے ملزمان عاقب اور غلام مصطفی کے جسمانی ریمانڈ میں بوٹ بیسن اور گارڈن تھانوں میں درج مقدمات کے سلسلے میں مزید دو روز کی توسیع کر دی اور آئندہ پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔