نوکوٹ:تاجر ہریش مانوانی زرعی زمین سے واپسی پرمبینہ اغوا

نوکوٹ:تاجر ہریش مانوانی زرعی زمین سے واپسی پرمبینہ اغوا

رات 10بجے واردات، ہریش نے فون کرکے اپنے اغوا کابتایا، اہل خانہاغوا کیخلاف بیوپاری یونین کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، خواجہ چوک پردھرنا دیا

نوکوٹ(نمائندہ دنیا )نوکوٹ میں تاجر سیٹھ ہریش مانوانی کے مبینہ اغوا کی خبر کے بعد شہر بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، گزشتہ رات سیٹھ ہریش مانوانی زرعی زمین سے واپس گھر آرہے تھے کہ رات تقریباً 10 بجے کے قریب پراسرار لاپتہ ہوگئے ، مغوی کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ آخری مرتبہ انکے موبائل فون سے ایک کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے اپنے اغوا کی اطلاع دی واقعے کی خبر پھیلتے ہی تاجر برادری اور شہریوں میں شدید بے چینی پیدا ہوگئی، نوکوٹ بیوپاری ایسوسی ایشن کی اپیل پر شہر بھر میں شٹر بند ہڑتال کی گئی، جس کے باعث تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے ، بعد ازاں مغوی کی بازیابی کے مطالبے کے لیے شہریوں، تاجروں اور سماجی تنظیموں کے کارکنان کی بڑی تعداد نے خواجہ چوک پر دھرنا دیا۔

جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی، اطلاع ملنے پر ایس ایچ او نوکوٹ اور ڈی ایس پی جھڈو موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی جھڈو نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ سیٹھ ہریش مانوانی کی جلد بازیابی کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب تاجر برادری، شہریوں اور سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغوی کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد مثبت پیشرفت متوقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں