عمرکوٹ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، نومولود کی ہلاکت پراحتجاج
نجی میڈیکل سینٹر میں زچگی آپریشن، خاتون کے پیٹ میں ڈاکٹر تولیہ بھول گئےمیرپور خاص کے اسپتال میں دوبارہ آپریشن، غفلت پر کارروائی کی جائے ، ورثا
میرپور خاص(بیورو رپورٹ)عمرکوٹ کے ایک نجی میڈیکل سینٹر میں مبینہ غفلت سے زچگی کے دوران ایک نومولود بچے کی ہلاکت پر ورثا نے احتجاج کیا، اور الزام لگایا ڈاکٹر خاتون کے پیٹ میں تولیہ بھی بھول گئے ، متاثرہ خاتون کو بعد ازاں تشویشناک حالت میں میرپورخاص کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوبارہ آپریشن کرکے پیٹ سے تولیہ نکال لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل لکشمی میگھواڑ کو زچگی کے لیے عمرکوٹ کے نجی دعا میڈیکل سینٹر میں داخل کیا گیا تھا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں ڈاکٹروں نے نارمل ڈلیوری کی یقین دہانی کرائی تاہم بعد میں آپریشن کیا گیا، متاثرہ خاتون کے شوہر اشوک میگھواڑ کی بہن شانتی میگھواڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آپریشن کے دوران مبینہ غفلت برتی گئی جس کے نتیجے میں نومولود کی موت واقع ہوئی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ آپریشن کے دوران بچے کی ایک انگلی بھی متاثر ہوئی تھی، شانتی میگھواڑ کے مطابق خاتون کی طبیعت مسلسل خراب رہنے پر اسے مزید علاج کے لیے میرپورخاص کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معائنے کے بعد دوبارہ آپریشن کیا گیا ان کے بقول آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ سے تولیہ برآمد ہوا جو مبینہ پہلے آپریشن کے وقت اندر رہ گیا تھا، اہل خانہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔