حیسکو کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن، ایکٹو ٹیکس پیئر حیثیت معطلی پرتشویش

حیسکو کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن، ایکٹو ٹیکس پیئر حیثیت معطلی پرتشویش

نوری آباد، کوٹری، جامشورو، حیدرآباد صنعتی زونز باقاعدہ سیلز ٹیکس اداکررہےفیصلے سے ہزاروں صنعتی ٹیکس دہندگان کوشدید مشکلات، کوٹری ٹریڈ انڈسٹری

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)کوٹری ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی نمائندگی میں نوری آباد، کوٹری، جامشورو اور حیدرآباد کی صنعتی برادری وفاقی بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 18 جون 2026 سے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور ایکٹو ٹیکس پیئر حیثیت کی معطلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے ۔ اپریل سے نوری آباد، کوٹری، جامشورو اور حیدرآباد کی تمام صنعتیں بجلی کے بلوں پر عائد جنرل سیلز ٹیکس باقاعدگی سے ادا کر رہی ہیں۔ صنعتی صارفین کی مسلسل جی ایس ٹی ادائیگی کے باوجود حیسکو کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن معطل ہونے سے ہزاروں صنعتی ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ حیسکو کی غیر فعال حیثیت کے نتیجے میں صنعتی صارفین اس وقت لاکھوں روپے کے جائز ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹس اور سیلز ٹیکس کریڈٹس کلیم کرنے سے محروم ہیں۔ اس صورتحال نے متعدد صنعتوں کی ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرنز کی فائلنگ کو متاثر کیا ہے اور قانون کی مکمل پاسداری کرنیوالے ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹسز، جرمانوں اور دیگر غیر ضروری پیچیدگیوں کا سامنا کرنا ہے ۔صنعتی برادری کا پختہ موقف ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان جنہوں نے بجلی بلوں کے ذریعے باقاعدگی سے جی ایس ٹی ادا کیا، انہیں ایسے معاملات کی سزا نہیں دی جانی چاہیے جو ان کے اختیار سے باہر ہیں۔ حیسکو سے متعلق کسی بھی تعمیلی مسئلے کا بوجھ ان قانون پسند صنعتی صارفین پر منتقل نہیں کیا جانا چاہیے جنہوں نے نیک نیتی کے ساتھ اپنی تمام ٹیکس ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں