منشیات،غیرقانونی اسلحہ کے ملزم کی بریت کا حکم
استغاثہ ملزم ریاض عرف بطخ کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو فوری رہا کیا جائے ،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاک کالونی سے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے مقدمے میں ملزم ریاض عرف بطخ کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر اسے بری کرنے کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے مقدمے کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزم کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے فوری طور پر جیل سے رہا کیا جائے ۔ پراسیکیوشن کے مطابق پولیس نے ملزم ریاض عرف بطخ کو 6 مئی 2025 کو پاک کالونی کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ استغاثہ کا مؤقف تھا کہ ملزم کے قبضے سے آئس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا تھا، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل سید ندیم الحق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے مقدمے میں ایک بھی نجی گواہ پیش نہیں کیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور استغاثہ کے شواہد جرم ثابت کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔ وکیل صفائی نے مزید استدلال کیا کہ تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات میں نمایاں تضادات موجود ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ریکارڈ پر موجود شواہد اور گواہوں کے بیانات میں پائے جانے والے تضادات کی وجہ سے استغاثہ اپنا مقدمہ شک سے بالاتر ہو کر ثابت نہیں کر سکا۔