قتل کیس میں گرفتار 2 وکلا عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل
کراچی(این این آئی)انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار 2 وکلا ادریس اور سلیمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور تفتیشی افسر سے مقدمے کا چالان طلب کر لیا۔سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل عامر نواز وڑائچ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ یہ 2022 کا مقدمہ ہے اور اس میں ایک بھی ٹھوس ثبوت موجود نہیں۔ مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی کے تحت قائم کیا گیا ہے اور وکلا کے خلاف سازش کی جا رہی ہے ۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو مخبرِ خاص کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا اور گزشتہ روز ان کا راہداری ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ لانڈھی میں 2 گروہوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں راہگیر سیف الدین جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے ، اسی مقدمے میں مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔