گھوٹکی:جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں، متعدد گرفتار
کھین جھو، ریتی، اوباڑو، ڈہرکی میں قائم شراب کی بھٹیاں، جوئے کے اڈے مسمارجیکب آباد میں بھی سرچ آپریشن، گھر گھر تلاشی، پولیس نے 4ڈرون حملے بھی کئے
گھوٹکی، جیکب آباد (نمائندگان دنیا)گھوٹکی اور جیکب آباد میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی، پولیس نے متعدد ملزم گرفتار کرلئے۔ گھوٹکی میں بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کچی شراب کی بھٹیوں اور جوئے کے اڈوں کو مسمار کر دیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ گھوٹکی، کھین جھو، ریتی، اوباڑو اور ڈہرکی کے مختلف علاقوں میں بھاری نفری کے ہمراہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے ۔ کارروائیوں کے دوران روپوش و اشتہاری ملزمان، منشیات فروشوں، آئس ڈیلرز اور جواریوں کے گرد گھیرا تنگ کر کے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے ٹھکانوں کا محاصرہ کرتے ہوئے کئی خفیہ پناہ گاہوں کو مسمار کیا، جبکہ مختلف مقامات پر قائم کچی شراب کی بھٹیوں اور جوئے کے اڈوں کو بھی ختم کر دیا۔
ادھر جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو کے پنہوں بھٹی تھانے کی حدود میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا، پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر گھر گھر تلاشی لی گئی، جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے مختلف مقامات پر 4 سے زائد ڈرون حملے کیے ، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران جرائم پیشہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں اور نگرانی جاری ہے۔