روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پرکام تیزی سے جاری

روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پرکام تیزی سے جاری

معیاری انفرا اسٹرکچر تعمیر، مسافروں کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں، جدید سیکورٹی نظامنگرانی کیلئے کیمرے نصب ہونگے ، تعمیراتی معیار اور بروقت تکمیل منصوبے کا حصہ

روہڑی(نمائندہ دنیا)تاریخی ریلوے جنکشنز میں شمار ہونے والے روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے ، وفاقی اور صوبائی حکومت کے مشترکہ اشتراک سے جاری اس میگا منصوبے کے لیے ایک ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز ہیں جبکہ اسٹیشن پر مختلف شعبوں میں تعمیراتی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، منصوبے کے تحت ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمز کی توسیع و بحالی،ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن،نئے پلیٹ فارم کی تعمیر، پیدل آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی اور اسٹیشن کے مجموعی انفرا اسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ، اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد اسٹیشن پر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو جدید ویٹنگ ایریاز،آرام دہ نشستیں پینے کے صاف پانی کی سہولت،معیاری واش رومز،بہتر روشنی،جدید انفارمیشن ڈسپلے سسٹم اور صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔

منصوبے میں بزرگ شہریوں، معذور افراد،مریضوں، خواتین اور بچوں کی سہولت کو خصوصی اہمیت دی گئی، سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید کیمروں پر مشتمل نگرانی کا نظام،بہتر سکیورٹی انتظامات،جدید کنٹرول مانیٹرنگ،بہتر روشنی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں جس سے مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔منصوبے کے تمام مراحل اعلیٰ معیار،مکمل شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں گے ۔ اسٹیشن کو جدید،محفوظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سفری مرکز بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں