جیکب آباد:سیپکوکا ایک کروڑ 6لاکھ کا سامان مبینہ غائب

جیکب آباد:سیپکوکا ایک کروڑ 6لاکھ کا سامان مبینہ غائب

3فیڈرز کے لئے سامان لایا گیا تھا، تاروں کی تبدیلی مکمل نہ کی جاسکیصرف شہباز فیڈر پر محرم کے دوران کام ہوا، 2فیڈرز تاحال انتظار میں

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)شہر میں بجلی نظام کی بہتری کیلئے ایک کروڑ 6 لاکھ 56 ہزار روپے سے زائد مالیت کا سامان فراہم کیے جانے کے باوجود سیپکو شہریوں کو بہتر سہولت دینے میں ناکام ہے ۔ شہر کے مختلف فیڈرز پر بجلی کے بوسیدہ تار تاحال تبدیل نہ ہونے کے باعث شہری بار بار بجلی کی خرابی، کم وولٹیج اور طویل لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق تین فیڈرز پر تاروں کی تبدیلی کیلئے سامان فراہم کیا گیا تھا، تاہم اب تک صرف شہباز فیڈر پر محرم کے دوران کام مکمل کیا گیا، جبکہ سٹی تھری اور سٹی فور فیڈرز پر تاحال کام شروع نہیں ہو سکا۔ اور سامان کا بھی علم نہیں، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایس ڈی او سب ڈویژن ون علی لاشاری نے بتایا کہ سٹی تھری اور سٹی فور پر تاروں کی تبدیلی کا کام باقی ہے ، جبکہ سٹی ون فیڈر کے تارمتعلقہ منظوری ملنے کے بعد تبدیل کئے جائینگے ۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب کروڑوں روپے مالیت کا سامان پہلے ہی دیاجا چکا ہے تو باقی فیڈرز پر کام میں تاخیر کیوں ہے ؟ عوام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں خستہ حال بجلی کے نظام نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ، جبکہ متعلقہ حکام کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کروڑوں روپے کے سامان کی شفاف تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں