خیرپور، جیکب آباد میں جھگڑے ، غیرت کے نام پر2خواتین قتل
صوبھو ڈیرو میں شوہر نے روٹھی بیوی منانے کے بجائے گولیاں ماردیں، ملزم گرفتارگاؤں گڑھی چند میں چچا نے بھتیجی قتل کی، تلہار کے قریب حادثے میں ایک ہلاک
اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)خیرپور اور جیکب آباد میں جھگڑے ، غیرت کے نام پر2 خواتین کوقتل کردیا گیا، جبکہ تلہار کے قریب حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ خیرپور کے علاقے صوبھو ڈیرو میں گھریلو تنازع پر شوہر خدابخش شر نے بیوی رضیہ شر کو مبینہ رکن قومی اسمبلی پیر سید فضل علی شاہ جیلانی اور رکن سندھ اسمبلی پیر سید احمد رضا شاہ جیلانی کی رہائشگاہ کے قریب گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ رضیہ شر کو اس کا والد گھریلو تنازع پر اپنے ساتھ رانی پور لے کر آیا تھا جس پر ملزم خدابخش شر ناراض تھا اور طیش میں آکر قتل کر دیا، ایس ایچ او تھانہ رانی پور امیر علی چانگ کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتولہ ضلع شکارپور کے رہائشی ہیں اور خانہ بدوش طرز زندگی گزارتے ہوئے مختلف علاقوں میں مویشی چراتے ہیں۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ جیکب آباد کے آباد تھانے کی حدود گاؤں گڑھی چنڈ میں غیرت کے نام پر خاتون کو قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق چچا صدام حسین نے اپنی بھتیجی ریحانہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی۔ تلہار کے قریب غلام شاہ روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان سکھیو رباری فوت جبکہ 7 سالہ دھانج زخمی ہو گیا، زخمی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔