نجی اسکولوں کی فیسوں اوراضافی چارجز کا نوٹس

نجی اسکولوں کی فیسوں اوراضافی چارجز کا نوٹس

منظور شدہ فیس اسکول نوٹس بورڈ اور استقبالیہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت

کراچی(مانیٹرنگ ٖڈیسک)ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ پروفیسر رفیعہ ملاح نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے اور اضافی چارجز کی وصولی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام نجی اسکولوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمے کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بعض نجی اسکول والدین سے رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ ٹیوشن فیس سے زائد رقم وصول کر رہے ہیں جبکہ بعض ادارے منظور شدہ فیس کے علاوہ اضافی اور پوشیدہ چارجز بھی لے رہے ہیں۔مراسلے کے مطابق تمام نجی اسکولوں کے منتظمین اور پرنسپلز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ رجسٹریشن اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ٹیوشن فیس کے علاوہ کسی بھی قسم کی فیس وصول کرنا سندھ پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) رولز 2005ء کے رول 7(4) کی صریح خلاف ورزی ہے ۔پروفیسر رفیعہ ملاح نے تمام نجی اسکولوں کے منتظمین اور پرنسپلز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ سے صرف وہی فیس وصول کریں جو رجسٹریشن اتھارٹی سے منظور شدہ ہو، منظور شدہ فیس کی تفصیلات اسکول کے نوٹس بورڈ اور استقبالیہ پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں