محکمہ کوآپریٹو میں اسناد اور تقرر ناموں کی تقسیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ کوآپریٹو سندھ کے زیر اہتمام ’’کیپیسٹی بلڈنگ اینڈ اورینٹیشن پروگرام‘‘ کی کامیاب تکمیل پر تربیت حاصل کرنے والے افسران میں اسناد اور سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے اسسٹنٹ رجسٹرارز میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
مہمانِ خصوصی مشیر وزیراعلیٰ سندھ سردار احسان الرحمان مزاری تھے ، جبکہ سیکریٹری محکمہ کوآپریٹو سندھ قمر رضا بلوچ، رجسٹرار کوآپریٹو واجد شیخ، سینئر افسران، انتظامی حکام اور نو منتخب افسران بھی شریک ہوئے ۔ سردار احسان الرحمان مزاری نے تربیت مکمل کرنے والے افسران میں اسناد اور نو منتخب اسسٹنٹ رجسٹرارز میں تقرر نامے تقسیم کیے ۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، مؤثر اور عوام دوست اداروں کی بنیاد باصلاحیت، دیانت دار اور پیشہ ور افرادی قوت پر استوار ہوتی ہے ۔ حکومت سندھ سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ، جدید انتظامی اصلاحات اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں اور حاصل کردہ تربیت کو عملی میدان میں بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ کوآپریٹو کو مزید فعال، جوابدہ اور عوام دوست ادارہ بنانے میں کردار ادا کریں۔