نوشہرو فیروز:ضلع کونسل کا 99 کروڑ 74 لاکھ کا بجٹ منظور
3کروڑ 5لاکھ کی بچت ظاہر، 30کروڑ 80لاکھ ترقیاتی کاموں کیلئے رکھے گئے
پڈعیدن (نامہ نگار)نوشہرو فیروز ضلع کونسل کا بجٹ اجلاس چیئرمین ضلع کونسل سہیل اختر عباسی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کیلئے 99 کروڑ 74 لاکھ 69 ہزار 400 روپے کا بجٹ متفقہ منظور کر لیا گیا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق 3 کروڑ 5 لاکھ 88 ہزار 925 روپے کی بچت ظاہر کی گئی۔بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 22 کروڑ 52 لاکھ 36 ہزار 776 روپے جبکہ پنشن کیلیے 9 کروڑ 27 لاکھ 62 ہزار 596 روپے مختص رکھے گئے۔گریجویٹی، مالی امداد، مذہبی و قومی دنوں کی تقریبات کیلئے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے ، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے 50 لاکھ روپے اور ضلع بھر میں گندے پانی کی نکاسی اور مچھر مار اسپرے مہم کیلئے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے شامل ہیں۔
خصوصی افراد کی معاونت کیلئے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے سلائی مشینیں فراہم کی جائیں گی، ترقیاتی شعبے میں ضلع کونسل کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے ، نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 30 کروڑ 80 لاکھ روپے اور جاری ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کے لیے 8 کروڑ 87 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں،بجٹ میں صحافتی اور عوامی سہولیات کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے پریس کلب کے لیے 10 لاکھ روپے ، ضلع کونسل ڈسپنسری کے لیے 15 لاکھ روپے اور سولر پینل سسٹم کی تنصیب کے لیے 10 لاکھ روپے بھی شامل کیے گئے ہیں،چیئرمین ضلع کونسل سہیل اختر عباسی نے کہا کہ بجٹ کا بنیادی مقصد ضلع بھر میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنا، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور فلاحی منصوبوں کو شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments