آبادی کے قریب گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز بنانے پر پابندی
کمشنر کا ضلع وسطی کا دورہ، پبلک اسکول، ایدھی ہوم کی دیواروں سے متصل گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن اور شاہراہوں پرکچرا کنڈیوں کی ناقص صفائی پر برہمی نیو کراچی کے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن سے لینڈ فل سائٹ تک کچرا منتقل کرنے کے لیے ڈمپروں کی تعداد فوری طور پر دگنی کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ
کراچی(این این آئی) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال، گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز، کچرا کنڈیوں اور تجاوزات کے خلاف جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی۔کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن، نیو کراچی ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل انتظامیہ، کے ڈی اے اور دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔دورے کے دوران کمشنر نے پبلک اسکول اور ایدھی ہوم کی دیواروں سے متصل گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن اور مختلف شاہراہوں پر قائم کچرا کنڈیوں کی ناقص صفائی کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ متعلقہ گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کیا جائے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ رہائشی آبادیوں، تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور دیگر اہم مقامات کے قریب گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن قائم نہیں کیے جائیں گے بلکہ انہیں شہری آبادی سے دور مناسب مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔کمشنر کراچی نے نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد کی مختلف شاہراہوں پر صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ اپنے علاقوں کا دورہ کریں، صفائی کے نظام کی مسلسل نگرانی کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر کچرے کے ڈھیر نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتے ہیں بلکہ حکومت کی صفائی مہم کو بھی متاثر کرتے ہیں، اس لیے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ نیو کراچی کے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن سے لینڈ فل سائٹ تک کچرا منتقل کرنے کے لیے ڈمپروں کی تعداد فوری طور پر دگنی کی جائے گی، جبکہ اتوار کے روز بھی کچرا اٹھانے کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ علاقے میں تعفن اور آلودگی سے بچا جا سکے ۔کمشنر کراچی نے حسین آباد، گلبرگ ٹاؤن کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ شام کے اوقات میں ٹھیلوں، پتھاروں اور دیگر تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے ۔ اس پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ کو ہدایت کی کہ ٹاؤن انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے تجاوزات کے خلاف بھرپور اور مؤثر مہم چلائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments