گورنر سندھ نے ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کا افتتاح کر دیا
شعبہ صحت میں منافع سے زیادہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینااہم ہےعلاج میں صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے ،نہال ہاشمی
کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے تیسری تین روزہ ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کا افتتاح کر دیا۔جمعرات کو گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں قونصل جنرلز، معزز مہمانانِ گرامی، طبی ماہرین اور شعب صحت سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔گورنر نہال ہاشمی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں منافع سے زیادہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،این آئی سی وی ڈی اور دیگر سرکاری طبی ادارے سندھ بھر میں عوام کو موثر طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صحت سمیت ہر شعبے میں رابطے کا تسلسل اور باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہیں، صفائی نصف ایمان ہے اور علاج سے بہتر احتیاط ہے ،صفائی کے فروغ سے متعدد بیماریوں اور معاشرتی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ،علاج، آپریشن اور طبی خدمات کے ہر مرحلے میں صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ صحت کا شعبہ تجارت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا مقدس فریضہ ہے ،صحت کو صرف کاروبار بنانے سے فلاحی ریاست کا تصور کمزور پڑ جاتا ہے ،اسلامی فلاحی ریاست کی بنیادی ذمہ داری عوام کو معیاری، سستی اور آسان طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام کی بحالی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے عوام دوست وژن کی عکاس ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments