روہڑی:ہائیکورٹ کے حکم پر11 غیر قانونی آرا مشینیں سیل
قیمتی لکڑی ضبط، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی پر قانونی کارروائی بھی شروع
روہڑی (نمائندہ دنیا)سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کے احکامات پر محکمہ جنگلات نے روہڑی،کندھرا اور داڑا واہن میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس آرا مشینیں سیل کر دیں، جبکہ مشتبہ سرکاری اور قیمتی لکڑی ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی، کارروائی آئینی درخواست نمبر 1688/2021 کی روشنی میں کی گئی جس کا مقصد جنگلات کی غیر قانونی کٹائی،سرکاری لکڑی کی اسمگلنگ اور قدرتی وسائل کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام ہے ، ڈویژنل فارسٹ آفیسرسکھر ضیاء اللہ لغاری کی سربراہی میں آپریشن کے دوران روہڑی اور کندھرا پولیس کی بھاری نفری فاریسٹ افسران کے ہمراہ تھی، اس موقع پرڈی ایف او ضیاء اللہ لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد محکمہ جنگلات کی قانونی ذمہ داری ہے ، بغیر لائسنس آرا مشینوں کا قیام اور قیمتی لکڑی کی غیر قانونی خرید و فروخت جنگلات اور قومی وسائل کے لیے سنگین خطرہ ہے ، اس لیے قانون سے بالاتر کسی کو نہیں سمجھا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ روہڑی،کندھرا اور داڑا واہن میں غیر قانونی آرا مشینوں اور مشتبہ سرکاری لکڑی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی تصدیق کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی، ڈی ایف او نے خبردار کیا کہ سیل کی گئی آرا مشینیں دوبارہ چلانے ،سرکاری سیل توڑنے یا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فاریسٹ ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت فوری مقدمات درج کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments