جامعہ کراچی :ایم فل، پی ایچ ڈی داخلہ ٹیسٹ کاانعقاد
شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات نتائج 2 اگست جبکہ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے
کراچی(این این آئی)جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے تحت تعلیمی سال 2026 کے لیے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلہ ٹیسٹ کا اتوار کوانعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں امیدواروں نے شرکت کی۔آئی سی سی بی ایس کے ترجمان کے مطابق داخلہ ٹیسٹ صبح 10 بجے پروفیسر سلیم الزمان صدیقی آڈیٹوریم میں شروع ہوا اور دوپہر 12 بجے اختتام پذیر ہوا۔ ٹیسٹ کے دوران شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ، جبکہ غیر متعلقہ افراد کو امتحانی مراکز کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج 2 اگست کو آئی سی سی بی ایس اور جامعہ کراچی کی سرکاری ویب سائٹس پر جاری کیے جائیں گے ، جبکہ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو منعقد ہوں گے ۔آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ادارے کی پالیسی کے مطابق تمام داخلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے اور جامعہ کراچی کے اعلیٰ تعلیمی پروگرام کے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انٹرویو میں کامیاب امیدواروں کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جائے گا۔امیدواروں کی سہولت کے لیے مسکن گیٹ اور کیمپس گیٹ (شیخ زاید اسلامک سینٹر کے قریب) سے امتحانی مرکز تک خصوصی شٹل بس سروس بھی فراہم کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments