واٹر کارپوریشن کا انسدادِ تجاوزات آپریشن ، مزید اراضی واگزار

واٹر کارپوریشن کا انسدادِ تجاوزات آپریشن ، مزید اراضی واگزار

سرکاری اور عوامی مفاد کی اراضی پر کسی بھی قسم کا قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا آپریشن کا دائرہ گھارو سمیت واٹر کارپوریشن کی دیگر اراضی تک وسیع ہو گا،ترجمان

کراچی(آئی این پی)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا قصبہ ریزروائر، بلاک ٹی، نارتھ ناظم آباد میں انسدادِ تجاوزات آپریشن جاری رہا جس کے دوران مزید سرکاری اراضی سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کرکے قیمتی زمین واگزار کرالی گئی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق آپریشن میں پی ڈی لینڈ یوسف عباسی، چیف سیکیورٹی آفیسر سید جواد شاہ، سینئر ڈائریکٹر لینڈ عبدالروف جمالی، سپرنٹنڈنگ انجینئر تنویر شیخ، ایگزیکٹو انجینئررضوان احسن، سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے سید سجاد شاہ سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سرکاری اراضی پر قائم مزید غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کرکے زمین واگزار کرائی گئی۔ ان کے مطابق آپریشن کا مقصد سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانا اور شہر کی پانی کی فراہمی سے متعلق اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔ واٹر کارپوریشن نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے آپریشن موثر انداز میں جاری ہے ۔ ترجمان کے مطابق سرکاری اور عوامی مفاد کی اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ایکٹ 2023، سندھ پبلک پراپرٹی (ریموول آف انکروچمنٹ) ایکٹ 2010 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ آئندہ ہفتے انسدادِ تجاوزات آپریشن کا دائرہ گھارو سمیت واٹر کارپوریشن کی دیگر اراضی تک وسیع کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...