سیسی اسپتالوں میں تحقیقات کا دائرہ بڑھانے کا امکان
مشتبہ ایچ آئی وی کیسز کی اسکریننگ اور مریضوں کو فوری طبی سہولیات کی ہدایات اسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول، لیبارٹری نظام، انجکشن کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے
کراچی(این این آئی)لانڈھی اور کورنگی کے صنعتی علاقوں میں سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن(سیسی) کے زیر انتظام اسپتالوں میں بھی ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہونے کی اطلاعات کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیے جانے کا امکان ہے ۔صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور اگر کسی ڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف، لیبارٹری عملے یا انتظامیہ کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سیسی اسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول، خون کی اسکریننگ، لیبارٹری نظام، انجکشن اور طبی آلات کے استعمال سمیت تمام طبی طریقہ کار کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے ، جبکہ مشتبہ کیسز کی اسکریننگ اور مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ماہرین صحت نے مطالبہ کیا ہے کہ ولیکا اسپتال سمیت تمام متعلقہ طبی مراکز کا آزادانہ آڈٹ کرایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی مؤثر روک تھام یقینی بنائی جا ئے ۔ ولیکا اسپتال میں 100 سے زائد بچوں میں ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو متاثرہ بچوں کے علاج، معاونت اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی وجوہات کا فوری تعین کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments