منور چورنگی انڈر پاس عوام کے لیے کھول دیا گیا
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اورمیئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے افتتاح کیامنصوبہ 16ماہ میں مکمل کیا گیا،مجموعی لمبائی 500میٹر ،2ارب لاگت آئی
کراچی(این این آئی)گلستانِ جوہر میں واقع منور چورنگی انڈر پاس عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ دو ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا افتتاح صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منور چورنگی شہر کی مصروف ترین شاہراہوں میں شامل ہے ، جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں۔ انڈر پاس کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو طویل انتظار، ٹریفک جام اور سفری مشکلات سے بھی بڑی حد تک نجات ملے گی۔کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) کے مطابق منصوبہ 16 ماہ میں مکمل کیا گیا، جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئی۔ انڈر پاس کی مجموعی لمبائی 500 میٹر ہے جبکہ دو طرفہ ٹریفک کے لیے اس کی چوڑائی 24 فٹ رکھی گئی ہے ، تاکہ گاڑیوں کی آمد و رفت بلا تعطل جاری رہ سکے ۔حکام نے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کے بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے کے لیے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کا حصہ ہے ۔ انڈر پاس کے فعال ہونے سے گلستانِ جوہر، شارعِ فیصل، یونیورسٹی روڈ، صفورا، اسکیم 33 اور ملحقہ علاقوں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔تقریب میں بلدیاتی حکام، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران، منتخب نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ٹریفک کے مسائل کے حل، جدید انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے لیے مزید ترقیاتی منصوبے بھی مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments