سیکریٹری صحت کا اسپتالوں کا دورہ، انتظامات کا جائزہ
ہائی الرٹ اور چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت ضروری ادویات اور طبی سامان کا وافر ذخیرہ برقرار رکھیں ،حفیظ اﷲ عباسی
کراچی (اے پی پی)سیکریٹری صحت سندھ حفیظ اﷲ عباسی نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب علی شیخ کے ہمراہ مون سون بارشوں کے پیشِ نظر کراچی کے بڑے سرکاری تدریسی اور ثانوی درجے کے اسپتالوں کا دورہ کیا اوربارشوں سے نمٹنے کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)، روتھ کے ایم فا ؤسول اسپتال کراچی، سندھ گورنمنٹ اسپتال قطر، نیو کراچی، کورنگی نمبر 5 اور لیاقت آباد اسپتال کا معائنہ کیا گیا۔سیکریٹری صحت نے اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، انتظامیہ اور سینئر ڈاکٹروں سے ملاقاتیں کیں اور ایمرجنسی پلان، ادویات، طبی سامان، طبی آلات، ایمبولینسز، بجلی کے متبادل انتظامات اور عملے کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔حفیظ اﷲ عباسی نے تمام اسپتالوں کو ہدایت کی کہ وہ ہائی الرٹ رہیں، چوبیس گھنٹے ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، ضروری ادویات اور طبی سامان کا وافر ذخیرہ برقرار رکھیں اور بارشوں سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب علی شیخ نے کہا کہ محکمہ صحت کراچی کے تمام سرکاری اسپتالوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments