گلبرگ ٹاؤن میں پہلا سیفی مفت فٹنس کلب کا افتتاح
وعدے پورے کر رہے ، 3 سال میں ٹاؤن نے نمایاں کارکردگی دکھائی ماضی میں کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں پر قبضہ کیا گیا،منعم ظفر خان
کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع وسطی گلبرگ کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن میں کراچی کے پہلے ڈاکٹر جلال الدین سیفی مفت فٹنس کلب کا افتتاح کردیا۔ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت مرکز کھیل و ثقافت، بلاک 10میں قائم مفت فٹنس کلب میں جدید مشینیں نصب کی گئی ہیں جبکہ خواتین کیلئے بھی روزانہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک خصوصی اوقات مقرر کیے گئے ہیں ۔ منعم ظفرنے کہا کہ فٹنس کلب کا افتتاح جماعت اسلامی کے عوامی خدمت کے وژن کا تسلسل ہے ۔3 سال کے عرصے میں گلبرگ ٹاؤن کی نمایاں کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور کے ایم سی نے ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا۔
گلبرگ ٹاؤن نے پرائمری ہیلتھ کئیر یونٹ قائم کیا جس سے ہزاروں لوگ استفادہ کررہے ہیں جبکہ گلبرگ ٹاؤن نے ہی پورے ملک کے پہلے تعلیمی کارڈ کا اجراء کیا ہے ۔ہزاروں کی تعداد میں اسٹریٹ لائٹس لگا کر گلیاں اور سڑکیں روشن کی گئی ہیں۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے منصوبہ بنایا گیا۔ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دے گی اور ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف مزاحمت کرے گی ۔منعم ظفر نے مزید کہاکہ ماضی میں کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں پر قبضہ کیا گیا۔کراچی کے لوگوں سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں چھین لی گئی ہیں ،ہماری کوششوں سے شہر میں 95فیصد کمرشل سرگرمیاں ختم کروائی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments