60 فیصد موٹر سائیکلوں پر جعلی نمبر پلیٹس کا انکشاف

60 فیصد موٹر سائیکلوں پر جعلی نمبر پلیٹس کا انکشاف

پہلے 20لاکھ موٹر سائیکلیں تھیں جو 46لاکھ تک پہنچ چکی ہیں،جعلی نمبر پلیٹس بڑا سکیورٹی چیلنج،ڈی آئی جی ٹریفک بسوں کی تعداد کم ہوکر صرف 2ہزار رہ گئی،رکشے 3لاکھ تک پہنچ گئے ،شہری قوانین کا احترام کریں،پیر محمد شاہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )شہر قائد کی سڑکوں پر 60 فیصد موٹر سائیکلیں جعلی نمبر پلیٹس کے ساتھ رواں دواں ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے انکشاف کیا کراچی میں اس وقت 46 لاکھ موٹر سائیکلیں موجود ہیں ، جس میں 60 فیصد موٹر سائیکلوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگی ہوئی ہے ۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے شہر میں ٹریفک کے سنگین مسائل، گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کی بہتری کے لیے عوامی آگاہی کی ضرورت اس وقت سب سے زیادہ ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے شہر کی سڑکوں پر گاڑیوں کے دباؤ کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ کراچی میں پہلے 20 لاکھ موٹر سائیکلیں تھیں جو اب بڑھ کر 46 لاکھ تک پہنچ چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں چلنے والی کل موٹر سائیکلوں میں سے 60 فیصد موٹر سائیکلوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگی ہوئی ہیں، جو ایک بڑا سیکیورٹی اور انتظامی چیلنج ہے ۔پیر محمد شاہ نے بتایا کہ کسی زمانے میں کراچی کی سڑکوں پر 9 ہزار بسیں دوڑتی تھیں، لیکن بدقسمتی سے آج ان کی تعداد کم ہو کر صرف 2 ہزار رہ گئی ہے ، جبکہ شہر میں رکشوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے لین ڈسپلن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال انتہائی لازمی ہے ۔ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ ای چالان کے موجودہ نظام میں کچھ تکنیکی مسائل آ رہے ہیں اور 100 فیصد چیزیں ابھی بہتر نہیں ہیں، چونکہ یہ دہائیوں پرانا مسئلہ ہے ، اس لیے ٹریفک نظام میں مکمل بہتری آنے میں کچھ وقت لگے گا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔انھوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کا احترام کریں، ہیلمٹ لازمی پہنیں اور اپنی گاڑیوں پر اصل نمبر پلیٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ شہر کو ٹریفک کے ازدحام سے نجات دلائی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...