فٹ پاتھ پر تجاوزات ،پیدل چلنے والوں کو مشکلات

فٹ پاتھ پر تجاوزات ،پیدل چلنے والوں کو مشکلات

متعدد مقامات پر دکانداروں، ریڑھی بانوں اور غیر قانونی پارکنگ کی نذر ٹریفک کے درمیان سڑک پر چلنا پڑتا ہے ، حادثات کا خدشہ ،شہری حلقے

کراچی(این این آئی) شہر قائد میں پیدل چلنے والوں کے لیے تعمیر کیے گئے فٹ پاتھ مختلف علاقوں میں تجاوزات کی زد میں آ گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو سڑک پر چلنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے اور حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق فٹ پاتھ، جو محفوظ آمدورفت اور منظم شہری منصوبہ بندی کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں، اب متعدد مقامات پر دکانداروں، ریڑھی بانوں اور غیر قانونی پارکنگ کی نذر ہو چکے ہیں۔مختلف علاقوں میں دکانوں کا سامان فٹ پاتھوں تک پھیلا ہوا ہے ، جبکہ کئی مقامات پر ریڑھیوں، ہوٹلوں کی کرسیاں، چولہے ، موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فٹ پاتھوں پر کھڑی ہونے کے باعث پیدل چلنے والوں کے لیے گزرنا دشوار ہو گیا ہے ۔شہریوں کے مطابق خواتین، بزرگ افراد، بچوں اور خصوصی افراد کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، کیونکہ انہیں فٹ پاتھ نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے درمیان سڑک پر چلنا پڑتا ہے ، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی ادارے ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام تجاوزات کے خلاف مستقل اور بلاامتیاز کارروائی کریں، فٹ پاتھوں کو اصل مقصد کے لیے بحال کریں اور ایسے اقدامات یقینی بنائیں جن سے پیدل چلنے والوں کو محفوظ اور آسان راستہ میسر آ سکے ۔شہری حلقوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں کی بحالی نہ صرف شہری سہولت بلکہ ٹریفک کے بہتر نظام، محفوظ آمدورفت اور مہذب شہری ماحول کے قیام کے لیے بھی ناگزیر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...