اقبال مارکیٹ میں پولیس مقابلہ، ایک مبینہ ملزم گرفتار، ساتھی فرار
کراچی(این این آئی) ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود سیکٹر 11-BD میں رات گئے پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت دانش خان ولد اعظم کے نام سے ہوئی، جسے بغیر کسی زخمی ہوئے حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے ، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام نے کہا کہ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور وہ اس سے قبل منشیات، پولیس پر حملہ، سرکاری امور میں مداخلت، چوری اور گٹکا ماوا ایکٹ سمیت مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے ۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments