پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج کل ،کیمپ قائم
آج کارنر میٹنگز، ریلیاں نکالی جائینگی، حکومت پٹرول سستا کرے ،منعم ظفرتاجر رہنماؤں نے احتجاج میں بھرپور شرکت اور حمایت کی یقین دہانی کرادی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور قیمتو ں میں روزانہ مسلسل و ہوشربا اضافے کے خلاف جمعہ(کل)کو ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت نورانی کباب ہاؤس شاہراہ قائدین پر پہلا احتجاجی کیمپ قائم کر دیا گیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جمعہ 7اگست کو کراچی کی سڑکوں پر زبردست احتجاج کیا جائے گا، شہر بھر میں ریلیاں مزار قائد پہنچیں گی اور مزار قائد سے مرکزی ریلی نکلے گی۔احتجاج کے دوران صرف ایمبولینس کو راستہ دیا جائے گا، جمعرات 6اگست کو شہر بھر میں اہم پبلک مقامات، شاہراؤں اور چورنگیوں پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے ، کارنر میٹنگز کی جائیں گی اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی،لیوی جبری بھتہ ٹیکس ہے جو ہر موٹر سائیکل سوار سے ہر لیٹر پر 125 روپے وصول کیا جاتا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم کر کے پٹرول سستا کرے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے ۔ دریں اثناء منعم ظفر نے کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر اور کراچی الیکٹرانک مارکیٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تاجر رہنماؤں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ عتیق میر اور رضوان عرفان نے 7اگست کے احتجاج کی تائید اور حمایت کی اور تاجروں کی جانب سے احتجاج میں بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments