ٹریفک جام کی شکایات پرڈی آئی جی سے رپورٹ طلب
شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت متبادل راستوں کا انتظام کرکے شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے ،ضیاالحسن لنجار
کراچی(این این آئی)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی وجوہات سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ ضلعی پولیس سڑکوں اور شاہراہوں کو کلیئر کرانے میں ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے ، جبکہ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار اہم شاہراہوں اور ٹریفک کے دباؤ والے مقامات پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں اور شاہراہوں کو فوری طور پر کلیئر کرایا جائے اور جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہو وہاں متبادل راستوں کا انتظام کرکے شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے ۔وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس مقصد کے لیے ٹریفک جام کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ شہریوں کو متبادل روٹس اور ٹریفک کی تازہ صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے ۔ضیاء الحسن لنجار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور روانی بحال رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments