حیدر آباد:مارکیٹ ٹاور کے رہائشی بجلی بندش کیخلاف سڑکوں پرآگئے

حیدر آباد:مارکیٹ ٹاور کے رہائشی بجلی بندش کیخلاف سڑکوں پرآگئے

ٹائر جلاکر احتجاج، ٹریفک روانی معطل کردی، علاقے کی بجلی فوری بحال کرنے کامطالبہ شدید گرمی میں خواتین، بزرگوں کا براحال، پانی کی قلت، شکایات کا نوٹس نہیں لیا جاتا

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)مارکیٹ ٹاور کے علاقے کے رہائشی افراد نے بجلی کی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا ، حیسکو کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طورپر ان کے علاقے میں بجلی بحال کی جائے ۔ مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلاکر رکاوٹیں کھڑی کردیں اور ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی۔ جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ان کا کہناتھا کہ میانی روڈ اور اس کے اطراف میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے ، شدید گرمی کے باعث چھوٹے چھوٹے گھروں میں موجود بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کا بجلی نہ ہونے کی وجہ سے برا حال ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ہے اور علاقے کے لوگ پینے کے پانی کو بھی ترس گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ بجلی کی بندش پر کئی مرتبہ حیسکو ہیر آباد سب ڈویژن میں تحریری اور زبانی شکایات کی گئیں لیکن کوئی شنوائی نہیں کی جارہی ہے ، جس کے بعد تنگ آکر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں بجلی کا نظام تباہ وبرباد ہوگیا ہے ، آئے دن بجلی کی طویل دورانیے کی بندش کی وجہ سے علاقے کے لوگ شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ اس معاملے کا کوئی مستقل حل نکالا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...