گیس کا بحران ،ایل پی جی مافیا سرگرم
ایل پی جی مافیا نے بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا، 370روپے کلو میں فروخت،شہریوں نے حکومت کی نااہلی قرار دے دیاگیس سمیت ہر طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ،ایک دیہاڑی دار اتنی مہنگی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ،شہریوں کا موقف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سوئی سدرن کی جانب سے گیس لوڈشیڈنگ کا شیڈول بھی شہریوں کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہوگیا، بیشتر علاقوں میں گیس بحران برقرار ہے جبکہ ایل پی جی مافیا اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے سرگرم ہوگئی اور من مانے نرخوں پر گیس فروخت کرنا شروع کردی۔گیس کی بندش سے ستائے شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔ شہر قائد میں گیس بلوں کے ستائے شہریوں نے ایل پی جی استعمال کرنا شروع کر دی ہے ، شہریوں کے مطابق گیس نہ آنے کے باوجود 3 ہزار کا بل آجاتا ہے اس سے بہتر تو مہنگی ایل پی جی ہے کھانا تو بن جاتا ہے ۔ ایل پی جی سرکاری قیمت سے مہنگی فروخت ہو رہی ہے ،مختلف علاقوں میں 350 سے 370 روپے کلو میں ملتی ہے ،ایل پی جی کی سرکاری قیمت ان نرخوں سے انتہائی کم ہے ۔شہریوں کو کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مہنگی ایل پی جی کی فروخت حکومت کی نا اہلی ہے ،صبح اٹھنے کے ساتھ ہی گیس پانی سمیت ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ایک دیہاڑی دار 370 کی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ۔ دوسری جانب تعطیل کے روز بھی گیس پریشر کی کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ گیس کی بندش سے گھریلو خواتین، پکوان ہاؤس،دودھ فروشوں،مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔گیس لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پی آئی بی کالونی ، ڈی ایچ اے ،گزری، لانڈھی ،سعود آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر،پی ای سی ایچ ایس،اورنگی،گلشن معمار،کورنگی ،نارتھ کراچی ،ملیر،ماڈل کالونی،گلشن اقبال،نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد، سرجانی ٹائون،لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی،ناتھا خان گوٹھ ، گڈاپ، کاٹھور، لائنز ایریا،سٹی ریلوے کیمپ،سلطان آباد اور دیگر شامل ہیں۔گیس بندش کی وجہ سے عوام انتہائی متاثر ہے ، عوام مہنگائی کے حالات میں بازار سے روزانہ ناشتے کا سامان خرید خرید کرتھک گئے ہیں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس جی سی کے اس رویہ کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 9:30 بجے سے صبح 6 بجے اور دوپہر 2:30 سے شام 5 بجے تک ہوتی ہے ، لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں یا تو زیادہ تر دن کے اوقات میں گیس غائب رہتی ہے ، یا بہت کم پریشر کے ساتھ گیس میسر ہوتی ہے ۔مختلف علاقوں کے رہائشیوں کا خیال ہے کہ موسم سرما کی آمد کے بعد سے گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ۔سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ شہر بھر میں گیس ڈسٹری بیوشن کا خستہ حال انفرا اسٹرکچر بھی بحران کی ایک بڑی وجہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments