مسافر کو ذہنی کوفت پر ریلوے کو50 ہزار ہرجانہ

مسافر کو ذہنی کوفت پر ریلوے کو50  ہزار ہرجانہ

تاخیر کے باعث طے شدہ معاملات بھی متاثر ہوئے ،درخواست گزاردرخواست گزار نے عدالت سے 50لاکھ روپے ہرجانے کی استدعا کی تھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کنزیومر کورٹ ساؤتھ کے جج عبدالاحد نے ٹرین کی تاخیر سے مسافر کو ہونے والی ذہنی کوفت اور طے شدہ معاملات متاثر ہونے پر پاکستان ریلوے کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔درخواست گزار ایاز چاچڑ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے 25 جنوری 2025 کو گھوٹکی سے کراچی کے لیے خیبر میل کا ٹکٹ بک کرایا تھا۔ درخواست کے مطابق خیبر میل کو گھوٹکی سے شام 6 بج کر 40 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم ٹرین رات 10 بج کر 11 منٹ پر گھوٹکی پہنچی، جس کے باعث کراچی پہنچنے کا مقررہ وقت بھی متاثر ہوا۔

ایاز چاچڑ ایڈووکیٹ کے مطابق ٹرین کو کراچی صبح 6 بج کر 40 منٹ پر پہنچنا تھا، تاہم وہ صبح 10 بج کر 45 منٹ پر کراچی پہنچی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرین کی مقررہ وقت پر آمد و رفت نہ ہونے کے باعث انہیں شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تاخیر کے باعث ان کے طے شدہ معاملات بھی متاثر ہوئے ۔ پاکستان ریلوے نے اپنی فراہم کردہ سروس کے حوالے سے وعدہ خلافی کی، جس کے باعث درخواست گزار کو نقصان اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ درخواست گزار نے 50 لاکھ روپے ہرجانے کی استدعا کی تھی۔عدالت نے دلائل اور معاملے کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان ریلوے کو درخواست گزار کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...