طلبہ ای بائیکس، ڈی ای اوز کوائف کی تصدیق کریں گے
سکول سربراہان سے تصدیق، غیر مصدقہ معلومات پر طلبہ کی درخواستیں مسترد
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے طلبہ کے ای بائیکس پروگرام کے تحت کوائف کی تصدیق اور متعلقہ شکایات و سوالات کے ازالے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (سیکنڈری ایجوکیشن) کو فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اضلاع میں ڈی ای او (سیکنڈری ایجوکیشن)طلبہ کے ای بائیک ویری فکیشن کے عمل کی نگرانی کریں گے اور ای بائیکس سے متعلق طلبہ کے ڈیٹا کی تصدیق سمیت دیگر معاملات دیکھیں گے ۔ ڈی ای او (ایس ای) متعلقہ سکول کے سربراہ یا پرنسپل سے طلبہ کے کوائف کی تصدیق حاصل کریں گے ، جس کے بعد تصدیق شدہ ڈیٹا کو دستیاب سرکاری ریکارڈ سے چیک کرکے ممکنہ تضادات کی نشاندہی کی جائے گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے ہدایت کی ہے کہ طلبہ کے ڈیٹا کی تصدیق مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے ۔ ڈی ای اوز اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تصدیق صرف سرکاری اور دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر ہو۔ کسی امیدوار یا طالب علم کی تصدیق محض زبانی معلومات، دعوے یا غیر مصدقہ معلومات کی بنیاد پر نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسر کو طلبہ کے کوائف کی جانچ پڑتال مکمل طور پر دستاویزی اور سرکاری ریکارڈ کے مطابق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments