نیو کراچی میں گارمنٹ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی
فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے ایک گھنٹے میں قابوپا لیا، جانی نقصان نہیں ہوا
کراچی(این این آئی)نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹ فیکٹری میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔فائر بریگیڈ ترجمان کے مطابق گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔ آگ کی شدت کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے فائر ٹرک کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا۔
فائر فائٹرز نے مسلسل جدوجہد کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے ساتھ ایک گھنٹے کے اندر مکمل طور پر قابو پالیا۔ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خدشہ نہ رہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم فیکٹری میں موجود سامان اور دیگر املاک کو پہنچنے والے مالی نقصان کا تاحال حتمی تخمینہ نہیں لگایا جاسکا۔ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے ، تاہم فائر بریگیڈ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments